ریفیوجی یا اسائلم سیکر مریضوں کے حقوق

مریض کی حیثیت سے آپ کے بہت سے حقوق ہیں۔ اگر آپ کے خیال میں آپ کو وہ مدد نہیں دی گئی جو آپ کا حق ہے تو آپ کو شکایت کرنے کا حق بھی حاصل ہے۔

""

رازداری کی پابندی 

ناروے کے نظام صحت میں کام کرنے والے سب لوگوں پر رازداری کی پابندی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کے متعلق معلومات صرف آپ کا علاج کرنے والوں کو دی جا سکتی ہیں۔  

اس لیے آپ کو عملۂ صحت کو کوئی بھی بات بتانے سے ڈرنا نہیں چاہیے۔ انہیں جتنی زیادہ معلومات حاصل ہوں گی، وہ آپ کی اتنی ہی اچھی مدد کر سکیں گے۔ 

اپنا پیشنٹ ریکارڈ دیکھنے کا حق 

اپنا پیشنٹ ریکارڈ دیکھنا آپ کا حق ہے۔ اگر آپ جی پی بدلیں اور آپ اپنے نئے جی پی کو اپنا پیشنٹ ریکارڈ دینا چاہتے ہوں تو پرانے جی پی کو ریکارڈ انہیں بھیجنے کے لیے کہیں۔ 

آپ کے پیشنٹ ریکارڈ میں وہ تمام معلومات شامل ہوتی ہیں جو عملۂ صحت یا صحت کے ادارے کو آپ کے متعلق حاصل ہوں۔ پیشنٹ ریکارڈ میں آپ کی بیماریوں کی تفصیلات، آپ کے ٹیسٹوں اور سکینز اور ان کے نتائج، مسائل کی تشخیص اور علاج کے متعلق معلومات ہوتی ہیں۔ 

مفت ترجمان 

آپ کا حق ہے کہ آپ کو اپنی صحت، بیماری اور علاج کے متعلق معلومات ایسی زبان میں ملیں جو آپ سمجھتے ہوں۔ ان معلومات کو سمجھ کر ہی آپ اپنے علاج کے لیے رضامندی دے سکتے ہیں۔ اس لیے ڈاکٹر یا دائی سے ملتے ہوئے یا ہسپتال میں آپ کو ترجمان لینے کا حق حاصل ہے۔ 

اگر آپ کو ترجمان کی ضرورت ہو تو ترجمان کی بکنگ ڈاکٹر، دائی یا دیگر عملۂ صحتکرے گا۔ 

ترجمان پر رازداری کی پابندی ہوتی ہے اور اسے ترجمانی کی باقاعدہ تربیت حاصل ہونی چاہیے۔ آپ چاہیں تو اپنے کسی رشتہ دار یا دوست کو ڈاکٹر سے ملاقات میں اپنے ساتھ رکھ سکتے ہیں لیکن وہ آپ کے لیے ترجمہ نہیں کر سکتا۔ 

عام طور پر ترجمان مفت ملتا ہے لیکن ڈینٹسٹ کے پاس جاتے ہوئے آپ کو مفت ترجمان نہیں ملتا اور دانتوں کے علاج کا خرچ بھی آپ کو خود ادا کرنا ہوتا ہے۔ 

کچھ خرچ آپ کو ادا کرنا پڑتا ہے 

جی پی کلینک، ایمرجنسی میڈیکل کلینک اور دوسری جگہوں پر کچھ خرچ آپ کو خود ادا کرنا پڑتا ہے جسے egenandel  کہتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ کے علاج کا زیادہ تر خرچ حکومت ادا کرتی ہے۔ 

16 سال سے چھوٹے بچوں اور حمل کا معائنہ کروانے والی حاملہ خواتین کو صحت کی مدد مفت ملتی ہے۔ 

18 سال سے کم عمر کے سب بچوں کو صحت کی مدد کا مکمل حق حاصل ہے۔ 

16 سال سے چھوٹے بچوں کو ڈاکٹر، ماہر نفسیات، فزیوتھراپسٹ، ہسپتال یا ایکسرے کی فیس ادا نہیں کرنی پڑتی۔ 

ہیلتھ سٹیشن اور سکول ہیلتھ سروس مفت ہے۔ سب بچوں کو ہیلتھ سٹیشن اور سکول ہیلتھ سروس میں معائنے اور ویکسینیشن کا حق حاصل ہے۔ 

یہ مواد فراہم کرنے والے ہیں Helsedirektoratet

آخری تبدیلیوں کی تاریخ پیر، 9 مئی، 2022