کینسر کی تشخیص ہونے کے بعد نگہداشت
جن لوگوں کو کینسر کی تشخیص ہو، ان سب کو کینسر کے مریضوں کے لیے کمیونٹی پاتھ وے میں شامل کیا جاتا ہے۔ اس پاتھ وے میں آپ کو بات چیت کے مواقع ملتے ہیں تاکہ مختلف خدمات کے لیے آپ کی ضروریات کا پتہ چلایا جائے اور کینسر کے علاج کے علاوہ بھی آپ کی خبرگیری کی جائے۔ اس سلسلے میں توجہ آپ کی زندگی کے حالات پر اور اس پر ہوتی ہے کہ آپ کے لیے کیا اہم ہے۔
ہدف یہ ہوتا ہے کہ آپ کو اپنی ضروریات کی بنیاد پر بہت منظّم نگہداشت ملنے کا تجربہ ہو اور آپ آئندہ ملنے والی نگہداشت کا بھی اندازہ رکھتے ہوں۔ کینسر کے مریضوں کے لیے کمیونٹی پاتھ وے اس سلسلے میں اس طرح مفید ہے کہ آپ کو بات چیت کے مواقع ملتے ہیں اور بیماری کے دوران مختلف اوقات پر آپ کی ضروریات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
اس پاتھ وے میں کیا شامل ہے؟
اس پاتھ وے میں رابطے کے تین مواقع ہوتے ہیں جب آپ کی ضروریات کا جائزہ لینے کے لیے بات چیت کی جاتی ہے۔ بات چیت میں ان ضروریات کا ذکر ہوتا ہے جو کینسر کے علاج کے علاوہ ہوں۔
اگر آپ کو خبرگیری کی ضرورت ہو تو اس بارے میں ان لوگوں کو بتایا جاتا ہے جو آپ کی خبرگیری کریں گے۔ ہیلتھ سروس اور دوسری خدمات مثلاً NAV کی طرف سے روزگار اور فلاح کی خدمات کو شامل کرنے کی بھی ضرورت ہو سکتی ہے۔
آپ کو ان مواقع پر بات چیت کی پیشکش ملے گی:
- آپ کو کینسر کی تشخیص ہونے کے بعد ہسپتال میں
- آپ کو کینسر کی تشخیص ہونے کے 3 سے 4 مہینے بعد بلدیہ میں
- آپ کو کینسر کی تشخیص ہونے کے 12 سے 18 مہینے بعد بلدیہ میں
آپ کی صورتحال کا لحاظ کیا جائے گا اور یہ دیکھا جائے گا کہ کیا آپ بات چیت کرنا چاہتے ہیں اور آپ کے لیے یہ ممکن ہے۔
اگر آپ چاہیں تو بات چیت میں اپنے گھر والوں یا دوستوں میں سے کسی کو ساتھ رکھ سکتے ہیں۔
ڈاکٹر، نرس، سوشل ورکر، کینسر کوآرڈینیٹر یا دیگر عملۂ صحت آپ کے ساتھ بات چیت کرے گا۔
بات چیت کے موضوعات یہ ہو سکتے ہیں:
- خاندانی صورتحال، عزیز اور ملنے والے
- ملازمت، سکول، تعلیم
- مالی معاملات اور رہائشی حالات
- گھر میں مدد اور موزوں انتظامات
- بحالئ صحت
- ورزش اور جسمانی فعل
- غذائیت، خوراک اور کھانے
- اپنی صحت کا خیال رکھنا
- آپ کے اپنے وسائل، سیکھنا اور اپنے حالات کو سنبھالنا
- فرصت کا وقت اور سماجی سرگرمیاں
- نفسیاتی صحت
- جنسی صحت
- منہ اور دانتوں کی صحت
بات چیت کے ہر موقع پر کونسے معاملات پر بات ہوتی ہے، اس کا انحصار آپ کی زندگی کے حالات پر اور اس پر ہوتا ہے کہ آپ کس بارے میں بات کرنا چاہتے ہیں۔ ضروریات کے جائزے کا مقصد یہ ہے کہ آپ کی ضروریات کا پتہ چل سکے۔
پاتھ وے کا اختتام
پاتھ وے میں رابطے کا آخری موقع آپ کو کینسر کی تشخیص ہونے کے 12 سے 18 مہینے بعد ہوتا ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اس کے بعد آپ کی نگہداشت ختم ہو جاتی ہے۔ آپ کو آپ کی ضرورت کے مطابق ہسپتال میں، فیملی ڈاکٹر کے پاس اور/یا بلدیاتی خدمات میں مزید نگہداشت ملتی رہتی ہے۔
(نارویجن میں) Helsedirektoratet کی ویب سائیٹ پر آپ پاتھ وے دیکھ سکتے ہیں .