صحت کی تفصیلات شیئر کرنے کے سلسلے میں آپ کے حقوق

جب عملۂ صحت آپ کی صحت کی اہم تفصیلات دیکھ سکتا ہو تو وہ آپ کو محفوظ اور عمدہ علاج فراہم کر سکتا ہے۔ صرف ضرورت کا ثبوت دے سکنے والے لوگوں کو آپ کے متعلق تفصیلات پڑھنے کی اجازت ہوتی ہے۔ اگر آپ بعض معلومات دوسروں کو نہ دینا چاہتے ہوں تو آپ Helsenorge پر اپنی پرائیویسی سیٹنگز بدل سکتے ہیں۔

صحت کی تفصیلات شیئر کرنے سے کیا مراد ہے؟

صحت کی تفصیلات شیئر کرنے سے مراد یہ ہے کہ آپ کی صحت کے متعلق اہم معلومات اس عملۂ صحت کے لیے مہیا ہوں جسے آپ کو محفوظ اور اچھا علاج مہیا کرنے کی خاطر ان معلومات کی ضرورت ہے۔ 

مثال کے طور پر یہ ہو سکتے ہیں:

  • الرجیوں کی معلومات
  • آپ کے زیر استعمال دوائیوں کی تفصیلات
  • ٹیسٹوں کے نتائج
  • ماضی میں بیماریوں کی تفصیلات
  • ہسپتال کے ریکارڈ کے کاغذات

شیئر کرنے کا مقصد یہ ہے کہ جس عملۂ صحت کو ان معلومات کی ضرورت ہو، اسے یہ درست معلومات، درست وقت پر مل سکیں، چاہے آپ کا علاج کسی بھی جگہ ہو رہا ہو۔ 

اس سے آپ کو صحت کے لیے بہتر مدد مل سکتی ہے

جب ڈاکٹروں، نرسوں یا صحت کے دوسرے کارکنوں کے لیے آپ کی صحت کی اہم تفصیلات ڈیجیٹل طریقے سے دیکھنا ممکن ہو تو وہ آپ کو بہتر دیکھ بھال اور علاج مہیا کر سکتے ہیں۔

ہنگامی صورتحال میں جیسے ہسپتال میں آپ کے متعلق تفصیلات جلد مہیا ہونے کے نتائج فیصلہ کن ہو سکتے ہیں۔

جب آپ کی صحت کی تفصیلات ڈیجیٹل طریقے سے دستیاب ہوں تو آپ کو ہر بار نئے طبی کارکن سے واسطہ پڑنے پر اپنی بیماری کی تفصیلات دہرانی نہیں پڑتیں۔ اس سے محفوظ اور مکمل نگہداشت میں مدد مل سکتی ہے، بالخصوص اس صورت میں کہ آپ کو نظام صحت کے مختلف حصوں میں طبی مدد حاصل کرنے کی ضرورت ہو ۔

معلومات پڑھنے کی اجازت صرف ان لوگوں کو ہوتی ہے جو اس کی ضرورت ثابت کر سکتے ہوں

آپ کے متعلق معلومات پڑھنے کی اجازت صرف ان طبی کارکنوں کو ہوتی ہے جو اس ضرورت کا ثبوت دے سکتے ہوں۔ ضرورت کا ثبوت دینے کا مطلب یہ ہے کہ یہ رجسٹر کیا جاتا ہے کہ وہ کون ہیں، کہاں کام کرتے ہیں، تاریخ کیا ہے اور انہیں آپ کی تفصیلات دیکھنے کی ضرورت کیوں ہے۔ وہ آپ کی صحت کی اپائنٹمنٹ سے پہلے خود تیاری کرنے کی خاطر، اپائنٹمنٹ کے دوران آپ کو درست مدد دینے اور اپائنٹمنٹ کے بعد آپ کے علاج کی تفصیلات درج کرنے کی خاطر آپ کی معلومات چیک کر سکتے ہیں۔

عملۂ صحت پر رازداری کی پابندی ہے۔ ان کے لیے سیکیور طریقے سے لاگ ان کرنا ضروری ہوتا ہے۔ جب عملۂ صحت آپ کے متعلق معلومات پڑھتا ہے تو یہ رجسٹر ہو جاتا ہے اور آپ دیکھ سکتے ہیں کہ معلومات کس نے پڑھی ہیں۔ آپ کو Helsenorge میں اپنی صحت کی تفصیلات دیکھنے والوں کا لاگ ملے گا۔

آپ پابندیاں لگا سکتے ہیں کہ آپ کی صحت کے متعلق تفصیلات کون دیکھ سکتا ہے

آپ کو اپنی پرائیویسی کے فیصلے خود کرنے کا حق حاصل ہے۔ Helsenorge میں آپ چن سکتے ہیں کہ مختلف علاجگاہوں کا عملۂ صحت آپ کی صحت کی تفصیلات کیسے دیکھ سکتا ہے۔ فیملی ڈاکٹر (جی پی) کے پاس موجود آپ کے پیشنٹ ریکارڈ میں شامل تفصیلات اس سروس کے ذریعے شیئر نہیں کی جاتیں۔

Helsenorge پر آپ:

  • دیکھ سکتے ہیں کہ آپ کی صحت کی کونسی تفصیلات رجسٹر کی گئی ہیں
  • اپنی تفصیلات دیکھنے والے سب لوگوں کا لاگ دیکھ سکتے ہیں
  • اپنی مرضی سے طبی کارکنوں کے نام بلاک کر سکتے ہیں تاکہ ان کے لیے آپ کی صحت کی تفصیلات دیکھنا ممکن نہ ہو۔ بلاکنگ ہمیشہ مؤثر رہتی ہے، ہنگامی صورتحال میں بھی۔
  • اپنی صحت کی تمام تفصیلات یا کچھ تفصیلات کو بلاک کر سکتے ہیں تاکہ عملۂ صحت انہیں نہ دیکھ سکے۔
  • خود کو سمری کیئر ریکارڈ (Kjernejournal) سے الگ (ریزرو) رکھ سکتے ہیں۔ اس طرح آپ کے متعلق تمام تفصیلات ڈیلیٹ ہو جائیں گی اور آئندہ سمری کیئر ریکارڈ میں آپ کے متعلق نئی تفصیلات نہیں شامل کی جائیں گی۔

اگر آپ دیکھیں کہ آپ کے متعلق بعض تفصیلات درست نہیں ہیں تو آپ ان تفصیلات کو رجسٹر کرنے والی علاجگاہ سے انہیں بدلنے یا ڈیلیٹ کرنے کا تقاضا کر سکتے ہیں۔

اپنی پرائیویسی سیٹنگز کے لیے یہاں لاگ ان کریں۔ (نارویجن میں)

صحت کی تفصیلات کی دستیابی مختلف جگہوں پر مختلف ہو سکتی ہے

نظام صحت میں صحت کی تفصیلات کی شیئرنگ بتدریج آ رہی ہے۔ ہسپتال، فیملی ڈاکٹرز اور بلدیاتی خدمات صحت اس سلسلے میں ابھی مختلف مرحلوں پر ہیں۔ لہذا آپ کے متعلق عملۂ صحت کونسی تفصیلات دیکھ سکتا ہے، یہ اس پر منحصر ہے کہ آپ کا علاج کہاں ہو رہا ہے اور علاج کون کر رہا ہے۔

اگر آپ Helsenorge پر اپنے متعلق بہت کم تفصیلات پائیں یا کوئی تفصیلات نہ پائیں تو اس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ آپ کو ماضی میں بیماریاں نہیں رہی ہیں یا جس جگہ آپ کا علاج ہو رہا ہے، وہاں ابھی صحت کی تفصیلات کی شیئرنگ شروع نہیں ہوئی ہے۔

Veiledning Helsenorge

23 32 70 00

Monday-Friday from 08:00 to 15:30

یہ مواد فراہم کرنے والے ہیں Helsedirektoratet

آخری تبدیلیوں کی تاریخ منگل، 25 فروری، 2025