خوراک کے متعلق مشورے

خوراک کے متعلق مشوروں میں بتایا جاتا ہے کہ آپ کو توانا اور صحتمند رہنے کے لیے کیا کھانا چاہیے۔ خوراک کے متعلق مشوروں کی روشنی میں طے کریں کہ آپ کس طرح اپنے لیے مناسب خوراک کا بندوبست کر سکتے ہیں۔

خوراک کے متعلق مشوروں کا خلاصہ 

  • متنوّع خوراک کھائیں، زیادہ تر پودوں سے حاصل ہونے والی چنیں اور خوش ہو کر کھائیں۔ 
  • سبھی کھانوں میں پھل، بیریوں اور سبزیوں کو شامل کرنا چاہیے۔ 
  • روزانہ کئی کھانوں میں گہرے رنگ کی ڈبل روٹی یا فُل کورن (ہول گرین) اناجوں کی دوسری مصنوعات شامل کریں۔ 
  • سرخ گوشت (بکری اور گائے وغیرہ) کی نسبت مچھلی اور دوسری سمندری غذائیں، پھلیاں اور دالیں زیادہ کثرت سے کھائیں۔ پراسیسڈ گوشت (سالامی، ساسیج جیسی تیار مصنوعات) کم سے کم کھائیں۔ 
  • روزانہ دودھ اور دودھ کی مصنوعات استعمال کریں۔ کم چکنائی والی ڈیری کی مصنوعات چنیں۔ 
  • ٹافیوں/چاکلیٹ، سنیکس اور بیکری کی میٹھی چیزوں کا استعمال محدود رکھنا چاہیے۔ 
  • پانی پیئیں! 

خوراک کے متعلق مشورے کن لوگوں کے لیے ہیں؟ 

خوراک کے متعلق مشورے سبھی بڑوں اور دو سال سے زیادہ عمر کے بچوں کے لیے ہیں۔ جہاں کہیں مشوروں میں کسی غذا کی ایک مخصوص مقدار کا ذکر ہو مثلاً ڈیسی لیٹر یا گراموں میں تو یہ ایک بالغ شخص کا پورشن (حصہ) ہے۔ بچے بڑوں والے ہی کھانے کھا سکتے ہیں لیکن ان کا پورشن چھوٹا ہونا چاہیے۔ 

حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی ماؤں اور مریضوں کو خوراک میں ردّوبدل کرنا پڑ سکتا ہے۔ 

اگر آپ خوراک کے متعلق مشورے یا خوراک کے لیے رہنمائی دینے کا کام کرتے ہیں تو آپ نارویجن ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ کی ویب سائیٹ پر خوراک کے متعلق مکمل مشورے دیکھ سکتے ہیں۔ 

خوراک کے متعلق مشوروں پر کیوں عمل کرنا چاہیے؟ 

ہمارے جسم کو روزانہ بہت سے غذائی مادّوں کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ہم نہ صرف ابھی صحتمند اور توانا بنیں بلکہ آئندہ بھی صحتمند رہیں اور دائمی بیماریوں سے بچیں۔ 

اگر آپ خوراک کے متعلق مشوروں پر عمل کریں تو دل اور خون کی نالیوں کی بیماریوں، ٹائپ 2 ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، کئی قسموں کے کینسر،  بھربھری ہڈیوں، دانتوں کو کیڑا لگنے، وزن کی زیادتی اور موٹاپے جیسے بہت سے مسائل کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ آپ کے جسم کو جن غذائی اجزا کی ضرورت ہے، وہ بھی مل جاتے ہیں۔ 

صحت بخش خوراک صرف ایک غذائی گروہ سے نہیں مہیا ہو سکتی بلکہ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم سبھی غذائی گروہوں کی چیزوں کو اپنی خوراک میں شامل کرتے ہوں اور متنوّع غذا یعنی بہت سی مختلف چیزیں کھاتے ہوں۔ خوراک کے متعلق مشوروں سے پتہ چلتا ہے کہ آپ کو کونسی غذائیں زیادہ کھانی چاہیئں اور کونسی کم کھانی چاہیئں۔ آپ ہر مشورے کو بنیاد بناتے ہوئے اپنی پسند کی چیزیں کھا سکتے ہیں۔ 

نیچے آپ ہر مشورے کے حوالے سے تفصیلی معلومات پڑھ سکتے ہیں۔ 

خوراک کے متعلق مشورے 

یہ مواد فراہم کرنے والے ہیں Helsedirektoratet

آخری تبدیلیوں کی تاریخ جمعرات، 15 اگست، 2024